ذیشان احمد
کون ہے پس پردہ ؟
کس نے بیج یہ بویا ہے؟
کیوں لہو کو کہتے ہیں
آب سے بھی سستا ہے
کون ہے جو اوروں کا
حق نہیں سمجھتا ہے
پھول چن لینے کو
خواب دیکھ لینے کو
جیسے چاہے جینے کو
یوں ہی مسکرانے کو
کون ہے جو کہتا ہے؟
میں کہوں وہی سچ ہے
لوگ سارے جھوٹے ہیں
لوگ سارے بھٹکے ہیں
جبر سے سدھاریں گے
اپنی بات منوائیں گے
راستے پہ لائیں گے
کون ہے جو کہتا ہے؟
صبح شام عبادت سے
قتل ہو کہ چوری ہو
پاپ دھو بھی سکتے ہو
پھر اسے منانے کو
یوں ہی رو بھی سکتے ہو
کون ہے جو کہتا ہے؟
اس گلی میں رہتی ہے
اک غیرمسلم لڑکی
سب حلال ہے غیروں کا
عزتیں اچھالو گے
خوب ثواب کماؤ گے
یہ جہاں گر ہارے بھی
اُس جہاں کو پالو گے
کون ہے جو کہتا ہے؟
غیر مسلم تاجر سے
پہلے خوب ادھار لینا
پھر لگا کر الزامات
مذہب کی توہین کے
لوگ کچھ جمع کرنا
آگ میں جلا دینا
کون ہے جو کہتا ہے؟
آس پاس رہتا ہے
کون ہے خدا جانے؟
میں تو نہیں ہوں وہ؟
آپ تو نہیں ہیں وہ؟
کیا وہ من میں رہتا ہے؟
کون ہے جو کہتا ہے۔۔۔۔۔؟
کور: پوجا کماری کو روہڑی سندھ میں مارچ ۲۰۲۲ میں جبری اغواء سے مذاحمت کرنے پر قتل کر دیا گیا۔ واقعے کے ذمہ داران پہ جبری مذہب تبدیلی اور نکاح کے حربے استعمال کرنے کا الزام ہے۔